Khud shnaasi deep lines by Mehwish siddique famous writer

عنوان:خود شناسی

تحریر:مہوش صدیق

خود شناسی انسان کے کردار کو بہتر سے بہترین بنانے میں اپنی معاونت فراہم کرتی ہے۔۔اگر اسے تزکیہ نفس کا مترادف قرار دیا جائے تو غلط نہیں ہو گا۔جب ایک انسان اپنی خوبیوں اور خامیوں کی شناسائی تک رسائی حاصل کر لیتا ہے تب اسے پتا چلتا ہے آیا مجھ میں جو خوبیاں ہیں ان کو اپنی اور دوسروں کی بھلائی میں کیسے استعمال کرنا ہے بالکل اسی طرح جب وہ اپنے نفس کا تزکیہ کرتے ہوئے اپنے اندر موجود خامیوں تک ادراک حاصل کر لیتا ہے تب اسے یہ احساس ہو گا میں نے اپنے اندر موجود ان خامیوں کو دور کر کے خود کو کیسے سیدھی راہ کی طرف گامزن کرنا ہے۔قرآن پاک میں ارشاد باری تعالٰی ہے:”اھدنا الصراط المستقیم “ترجمہ:”ہمیں سیدھی راہ پر چلا”ویسے تو اللہ تعالٰی ہر چیز بنا مانگے عطا کرتے ہیں لیکن ہدایت وہ واحد چیز ہے جو انسان کی سچی طلب پر ہی اسے عطا کی جاتی ہے۔اگر انسان عاجزی و انکساری کی بجائے اپنی انا کا پرچم بلند رکھے اور اپنے ضمیر کی اٹھتی ہر آواز پر اسے یہی کہہ کر سلا دے کہ “میں ہی ٹھیک ہوں ۔۔میں کبھی غلط نہیں ہو سکتا۔۔تمہاری ہی غلطی ہے۔۔میں کیوں کسی کیلئے خود کو بدلوں۔۔میری فطرت ہی ایسی ہے۔۔اگر اللہ تعالٰی مجھ میں یہ عادت دیکھنا چاہتے تو خود ہی ڈال دیتے۔۔یہ بہت مشکل کام ہے۔۔کچھ بھی ہو سکتا ہے انسان فطرت کبھی نہیں بدل سکتی۔۔”تو پھر اس کے سدھرنے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ خود کو اعلی و برتر ثابت کرنے کے چکر میں کئی لوگ اپنی اخلاقیات کو نچلی سطح تک گرا دینے میں بھی کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔انسان چونکہ اشرف المخلوقات ہے اسی لئے تو اس کے سامنے دو راستے رکھ دیے گئے ہیں۔اب یہ اس کی خود شناسائی پر منحصر ہے کہ وہ اپنی ذات اور دوسروں کی بھلائی کے لیے صحیح راستے کا انتخاب کرتا ہے یا پھر غلط کا جس کا انتخاب نہ تو اسے دنیا میں کامیابی سے ہمکنار کرے گا اور نہ ہی آخرت میں سرخروئی اس کا مقدر بنے گی۔اور ویسے بھی تکبر کی فضاؤں میں اڑنے سے انسان بہت جلد شیطان کے ہاتھوں بلی کا بکرا بن جاتا ہے۔۔انسان کو ایک بات ذہن نشین کر لینی چاہیے اگر ہم خود شناسائی کے ذریعے اچھے انسان بن سکتے ہیں تو یقینا ہم بہت اچھے مسلمان بھی بن سکتے ہیں۔خود شناسی ایک نعمت ہے اس کا استعمال یقینی بنائیں۔۔بعض دفعہ اگر عطا کردہ نعمت کا استعمال نہ کیا جائے تو وہ چھن بھی سکتی ہے۔۔اللہ تعالٰی سے دعا گو ہوں ہم میں سے کسی پر بھی ایسی نوبت نہ آئے آمین ثم آمین۔جزاک اللہ

One thought on “Khud shnaasi deep lines by Mehwish siddique famous writer

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Verified by MonsterInsights